5

24 اگست سے تعلیمی ادارے صبح کتنے بجے کھلیں گے؟ طلبہ اور والدین کیلئے اہم خبر

(ویب ڈیسک)تعلیمی ادارے 24 اگست سے صبح کتنے بجے کھلیں گے ؟ اس حوالے سے طلبا اور والدین کے لیے اہم خبر آگئی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی سکول 3 ماہ کی گرمیوں کی تعطیلات کے بعد 24 اگست سے دوبارہ کھلنے جا رہے ہیں۔

سکول کھلنے میں چند روز باقی رہنے کے باعث طلبہ اور والدین میں نئے تعلیمی سیشن کے اوقاتِ کار سے متعلق تجسس پایا جا رہا ہے تاہم سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سکولوں کے اوقاتِ کار سے متعلق تاحال کوئی حتمی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا۔

ممکنہ اوقات کے مطابق سنگل شفٹ سکولوں میں پیر سے جمعرات صبح 8:00 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک، جبکہ جمعہ کے دن صبح 8:00 سے دوپہر 12:00 بجے تک کلاسز ہوں گی۔

ڈبل شفٹ والے سکولوں میں پہلی شفٹ صبح 8:00 سے دوپہر 12:30 بجے اور دوسری شفٹ دوپہر 1:00 سے شام 5:00 بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب آنے والے سموگ کے سیزن کے پیشِ نظر پنجاب حکومت نے ‘پری اسموگ ایکشن پلان 2026’ کے تحت تمام سکولوں کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ہدایت کے مطابق سکول انتظامیہ طلبہ کو فضائی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے بیرونی سرگرمیوں کو محدود کریں گی۔ آؤٹ ڈور ورزش، جسمانی تربیت اور دیگر سرگرمیوں کی اجازت دینے سے قبل ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کا جائزہ لینا ہوگا۔

سکولوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کا انعقاد ایسے انداز میں کیا جائے جس سے طلبہ کا آلودہ ہوا سے کم سے کم سامنا ہو۔

حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد سموگ سیزن کے دوران پنجاب میں فضائی آلودگی بڑھنے کی صورت میں طلبہ کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
 یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات؛الیکشن کمیشن اجلاس کا اعلامیہ جاری

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں