5

شہباز شریف کی ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے فون پرعیادت اور  پاکستان کے دورہ کی دعوت

(اویس کیانی)  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر انور ابراہیم کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کی موجودہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس رفتار کو مزید آگے بڑھانے، بالخصوص باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران علاقائی صورتحال، بالخصوص خلیج کی صورتحال، بھی زیرِ بحث آئی۔ ڈاکٹر انور ابراہیم نے پاکستان کی علاقائی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قابلِ تحسین کوششوں، قیادت اور رہنمائی پر اظہارِ تشکر کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت پر اپنے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن کے فروغ کے لیے ملائیشیا سمیت برادر اور دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

دونوں رہنماؤں نے مستقبل قریب میں باہمی طور پر موزوں موقع پر ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم کو اپنی سہولت کے مطابق جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دہرائی۔
یہ بھی پڑھیئے: ترکیے نے نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں