
(24 ںیوز)صدر آصف علی زرداری سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ایوانِ صدر میں الوداعی ملاقات کی ،صدرِ مملکت نے سعودی سفیر کی پاکستان سعودی دیرینہ برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کے استحکام کےلئے خدمات اور تعاون کو سراہا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سعودی سفیر نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، بالخصوص سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان کے لئے مملکتِ سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ سفیر نواف بن سعید المالکی کے دور میں قائم ہونے والی مضبوط بنیاد آنے والے برسوں میں بھی پاک سعودی دوطرفہ تعاون کی رہنمائی کرتی رہیں گی،سعودی سفیر نے اپنے قیام کے دوران ملنے والی محبت، گرمجوشی اور تعاون پر صدرِ مملکت، حکومت اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے،صدرِ مملکت نے سعودی سفیر کے لئے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں :ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 100 روپے مہنگا






