
(24نیوز) پنجاب بھر میں تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہو گئی ہیں، جبکہ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سکول واپس آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے پیغام میں کہا کہ الحمدللہ، آج سے تعلیمی سلسلہ معمول کے مطابق بحال ہو گیا ہے اور طلبہ نئی توانائی اور عزم کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کریں، انہوں نے کہا کہ سیکھنے کا سفر نئی توانائی کے ساتھ وہیں سے آگے بڑھے گا جہاں تعطیلات سے قبل رکا تھا۔
رانا سکندر حیات کے مطابق پنجاب بھر کے سکولوں کے لیے پیر سے جمعہ تک اوقاتِ کار مقرر کر دیے گئے ہیں اور تعلیمی ادارے نوٹیفکیشن میں درج اوقات کار کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا شیڈول ترتیب دیں، انہوں نے بتایا کہ سکولوں کا وقت صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بج کر 30 منٹ تک مقرر کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم نے اساتذہ پر زور دیا کہ چھٹیوں کے بعد جن بچوں کی تعلیم میں کسی بھی وجہ سے تعطل پیدا ہو رہا ہے، ان کے تعلیمی تسلسل کی بحالی میں بھرپور کردار ادا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آؤٹ آف سکول بچوں کی تعداد میں اضافے کو روکنا ایک بڑا چیلنج ہے اور ہر بچے کو سکول تک لانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنشنرز کو بینک جانے کی ضرورت نہیں، پروف آف لائف سے متعلق نادرا کا اہم اعلان
رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ مستقبل میں تعلیمی نقصانات سے بچنے کے لیے نئی حکمت عملی وضع کرنے پر مشاورت جاری ہے تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں بچوں کی تعلیم کا تسلسل متاثر نہ ہو۔






