3

اکتوبر سے دسمبر تک ! تعلیمی اداروں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

(ویب ڈیسک)  پنجاب کے تعلیمی اداروں میں اکتوبر سے دسمبرتک کھیلوں کے میگا ایونٹس منعقد کئے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے تمام اسکولوں میں اکتوبر سے دسمبر تک میگا اسپورٹس ایونٹس منعقد کیے جائیں گے، جن میں تحصیل، ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔

وزیر تعلیم پنجاب کا کہنا تھا کہ دسمبر میں فائنل ایونٹ کی میزبانی لاہور بورڈ کرے گا، جبکہ کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو انعامات بھی دیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کھیلوں کی انعامی رقم بڑھا کر پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے بالترتیب 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 1 لاکھ روپے مقرر کردی گئی ہے۔

رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ مقابلوں میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ طلبہ کو فراہم کی جانے والی اسپورٹس کٹس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پنجاب کے تمام 35 ہزار سکولوں میں سپورٹس کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں، جبکہ اب تک 450 اسکولوں کو کھیلوں کا سامان فراہم کیا جاچکا ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت کا مقصد تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں