کوئٹہ: محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان نے مالی سال 2024-25 سے متعلق آڈٹ پیراز کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ میں مذکور تمام آڈٹ پیراز پہلے ہی نمٹا دیے گئے ہیں۔
محکمہ کے مطابق مذکورہ آڈٹ پیراز اس وقت اٹھائے گئے تھے جب آڈٹ کے دوران متعلقہ ریکارڈ دستیاب نہیں تھا، تاہم بعد ازاں مطلوبہ ریکارڈ اور تمام متعلقہ دستاویزی ثبوت محکمہ جاتی اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس سے قبل متعلقہ حکام اور آڈٹ ٹیم کو فراہم کر دیے گئے تھے، جس کے بعد تمام پیراز نمٹا دیے گئے۔
محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان نے بعض عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر گمراہ کن اور جھوٹی معلومات پھیلانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منفی پروپیگنڈے کا مقصد محکمہ کو بدنام کرنا اور عوام میں منفی تاثر پیدا کرنا ہے۔
محکمہ کے ترجمان کے مطابق بعض عناصر ماضی میں محکمہ کھیل سے ناجائز مراعات اور غیرضروری رعایتیں حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، تاہم ایسی سہولیات نہ ملنے کے باعث اب مبینہ طور پر بدنیتی پر مبنی منفی پروپیگنڈے کا سہارا لیا جا رہا ہے۔
محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان نے دانستہ طور پر گمراہ کن اور منفی معلومات کی تشہیر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹی، گمراہ کن یا ہتک آمیز معلومات پھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ کے مطابق ضرورت پڑنے پر دستیاب شواہد اور متعلقہ مواد مجاز اتھارٹی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے بھجوایا جائے گا، جبکہ معاملے کو پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) سمیت مروجہ قوانین کی متعلقہ دفعات کے تحت دیکھا جائے گا۔*






