بلوچستان میں نوکریوں کی خرید و فروخت برداشت نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں کسی نوجوان کی نوکری فروخت نہیں ہونے دی جائے گی، نوکریوں کی خرید و فروخت ثابت ہوئی تو متعلقہ وزیر اور سیکرٹری اپنے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے تمام سیکرٹریز سے اللہ کو حاضر و ناظر جان کر حلف بھی لیا کہ وہ نوجوانوں کی نوکریاں فروخت نہیں ہونے دیں گے۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی محکموں کی کارکردگی اور مختلف انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ روزِ اول سے ہمارا اصولی موقف ہے کہ صوبے میں کوئی نوکری نہیں بکے گی، اس اصولی مؤقف پر کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری اور حکومت کے تمام متعلقہ حکام ایک پیج پر ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سردی میں ٹھٹھرتے اور گرمی میں جھلستے بلوچستان کے کسی نوجوان کی نوکری فروخت نہیں ہونے دیں گے، نوجوانوں کی نوکریاں فروخت ہونا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات میں بھرتیوں کے حوالے سے بے ضابطگیوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا اور کہا کہ مصدقہ ثبوت اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے نتیجے میں جرم ثابت ہوا تو ملوث کردار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔
انہوں نے سخت انتباہ کیا کہ جس بھی محکمے میں نوکریوں کی خرید و فروخت کے مصدقہ ثبوت ملے، اس محکمے کا وزیر اور سیکرٹری اپنے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں افسران پر مکمل اعتماد ہے، وہ باصلاحیت ہیں اور بلوچستان کو درست سمت میں لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ماتحت اہلکاروں اور ریکروٹمنٹ کمیٹیوں پر کڑی نظر رکھی جائے، کسی بھی سطح پر بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ نوکریوں کی خرید و فروخت کے معاملے میں کسی غلطی کی گنجائش نہیں، اس پر کوئی معافی نہیں ہوگی۔ نوکریوں کی خرید و فروخت روکنے کے لیے ہر طرح کا دباؤ برداشت کریں گے تاہم بلوچستان کے نوجوانوں کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرٹوکریسی قائم کرکے ہی نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے، حکومت کا مقصد شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام کے ذریعے نوجوانوں کو ان کا جائز حق فراہم کرنا ہے۔






