3

بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن اور اسلامک ریلیف کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن اور اسلامک ریلیف کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد: بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (BCSW) کی چیئرپرسن محترمہ کرن بلوچ نے اسلام آباد میں اسلامک ریلیف کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد بلوچستان میں کم عمری اور بچپن کی شادیوں کے خاتمے، بچیوں کے حقوق کے تحفظ، خواتین کے بااختیار بنانے اور انہیں بنیادی سہولیات و مواقع تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔اس موقع پر رکن کمیشن مشتاق مینگل بھی موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن اور اسلامک ریلیف کے درمیان خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا. اس موقع پر چیئرپرسن محترمہ کرن بلوچ نے کہا کہ کم عمری کی شادی ایک اہم سماجی مسئلہ ہے جو بچیوں کی تعلیم، صحت، تحفظ اور مستقبل کے مواقع پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے صرف قانون سازی کافی نہیں بلکہ معاشرے میں آگاہی، والدین اور کمیونٹیز کی شمولیت، ادارہ جاتی تعاون اور مؤثر پالیسی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اپنے آئینی و قانونی مینڈیٹ کے تحت مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ اسلامک ریلیف کے ساتھ مفاہمتی یادداشت اس مقصد کے حصول کے لیے ایک اہم تعاون ثابت ہو سکتی ہے۔ محترمہ کرن بلوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ BCSW بلوچستان میں خواتین اور بچیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سرکاری اداروں، غیر سرکاری تنظیموں، ترقیاتی شراکت داروں اور سول سوسائٹی کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے ایسی حکمتِ عملی تشکیل دی جا سکتی ہے جو بچیوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی تعلیم کے تسلسل اور خواتین کے لیے باوقار اور بااختیار زندگی کے مواقع کو فروغ دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں