
(ویب ڈیسک)یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے بیشتر ہوائی اڈوں اور فضائی حدود کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی فضائی کمپنیوں، مسافروں اور ہوا بازی کے عملے کو وہاں جانے سے گریز کرنے کی وارننگ دے دی ہے۔
حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع کے مطابق سعودی عرب کے ہوائی اڈے حوثی فورسز کی ممکنہ فوجی کارروائیوں کے نشانے پر ہیں۔
تاہم مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس مقامات کی جانب آنے اور وہاں سے روانہ ہونے والی پروازوں اور ان کی فضائی حدود کو اس وارننگ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
حوثی ترجمان نے فضائی کمپنیوں، ہوا بازی کے ماہرین اور عام مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ہوائی اڈوں کا رخ نہ کریں، کیونکہ ان کے بقول یہ مقامات اب فوجی کارروائیوں کے خطرے سے دوچار ہیں۔
مزید پڑھیں:’’قسمت آزمانا چاہتے ہو تو ضرور آزما لو!‘‘ ایران کی امریکہ اور اسرائیل کو کھلی وارننگ
یحییٰ سریع کے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جانے اور وہاں سے آنے والی پروازوں کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔
حوثیوں نے ان دونوں شہروں کی فضائی حدود کو بھی اپنی وارننگ سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔
حوثیوں کی اس دھمکی کے بعد بھارت اور امریکا نے بھی اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اس پیش رفت سے سعودی عرب میں فضائی سفر اور بین الاقوامی پروازوں کی سلامتی کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔






