کوئٹہ۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے پانچویں اور آخری روز کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور پولیو پروگرام کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کوئٹہ میں جاری پانچ روزہ انسدادِ پولیو مہم کی مجموعی کارکردگی اور کوریج رپورٹ پیش کی گئی۔ اس دوران بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی شرح، زیرو ڈوز، رفیوزل، مسلسل انکاری کیسز، نان اویلیبل (NA) اور دیگر اہم اشاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران رہ جانے والے تمام بچوں کو کیچ اَپ سرگرمیوں کے ذریعے لازمی کور کیا جائے اور کسی بھی بچے کو پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رکھا جائے۔ انکاری والدین کو مؤثر آگاہی اور مسلسل رابطے کے ذریعے قائل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کے خاتمے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام متعلقہ ادارے مہم کے بعد بھی فالو اَپ اور نگرانی کا عمل جاری رکھیں اور مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے پانچ روزہ مہم کے دوران خدمات انجام دینے والی پولیو ٹیموں، محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
4






