امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں وفد نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے، مہنگائی سے متاثرہ عوام کو ریلیف دینے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
ملاقات میں جماعت اسلامی کی جانب سے نائب امیر پاکستان لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا اور عنایت اللہ خان، جبکہ حکومتی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، احد خان چیمہ، رانا ثناءاللہ اور بلال اظہر کیانی شریک ہوئے۔
مذاکرات کے نتیجے میں حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان چھ رکنی مشترکہ کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوا، جو عوامی ریلیف اسکیم میں توسیع اور آئندہ بجٹ میں پٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے تجاویز مرتب کرے گی۔ تاہم جماعت اسلامی کا مؤقف واضح ہے کہ پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ کیا جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے واضح کیا کہ اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے اور پٹرولیم لیوی ختم نہ کی گئی تو جماعت اسلامی نومبر کے وسط میں پوری قوت کے ساتھ عوام کے سمندر کو لے کر اسلام آباد کی جانب فیصلہ کن مارچ کرے گی۔
11






