2

نجی شعبے کی ترقی کے لیے بینکس کلیدی اہمیت کے حامل ہیں, شہباز شریف

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کی فائنانسنگ سے متعلق مسائل حل کرنے اور جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولت کے حوالے سے اسلام آباد میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، ہاؤسنگ اور زراعت کی ترقی سے معیشت میں بہتری اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومتی اقدامات کے تحت کسانوں، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں اور وزیرِ اعظم اپنا گھر اسکیم میں صارفین کو قرضوں کی فراہمی میں سست روی اختیار کرنے والے بینکس کے ساتھ اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کی طرف سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ نجی شعبے کی ترقی کے لیے بینکس کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے ایسے بینکوں کی کارکردگی کو سراہا، جو زراعت، ہاؤسنگ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو حکومتی اقدامات کے تحت قرضوں کی آسان فراہمی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ بینکوں کی جانب سے ترجیحی شعبوں کے لیے قرضوں کی فراہمی میں ویسے ہی تعاون کی توقع رکھتے ہیں، جیسا تعاون حکومت اور حکومتی ادارے بینکوں کے ساتھ کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت کی ترقی، برآمدات کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بھرپور استعداد رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کو مل کر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور برآمد کنندگان کے ٹیکس کے مسائل حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں اضافے کے لیے کوشاں ہیں۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ اپنا گھر اسکیم سے ہاؤسنگ و تعمیرات کے شعبے سے منسلک کئی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو قرضوں کی آسان فراہمی کے لیے رسک کوریج کی بھی جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 23 اکتوبر 2026 تک وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 511 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ 15 ہزار 584 درخواست گزاروں کو 91 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ ہاؤسنگ فنانس کے شعبے میں قرضوں کا مجموعی حجم 455 ارب روپے ہے۔ زرعی شعبے میں قرضوں کا حجم 1329 ارب، ایس ایم ایز کے شعبے میں قرضوں کا حجم 1148 ارب روپے ہے۔ مالی سال 2027 کے اختتام تک زرعی اور ایس ایم ای شعبوں میں قرضوں کا حجم 1,500 ارب روپے تک پہنچانے کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں