کوئیٹہ ۔
پی اے سی اجلاس میں ریکوری کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا محکمہ مواصلات و تعمیرات بلوچستان کی وضاحت ۔
محکمہ مواصلات و تعمیرات حکومت بلوچستان نے ایک تردیدی بیان میں کہا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں کسی قسم کی ریکوری کا فیصلہ نہیں کیا گیا اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے ہیں اور اجلاس کی کارروائی کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے بیان کے مطابق 6 نومبر 2026 کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اصغر ترین کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں محکمے کے مالی سال 2022-23 کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صرف چار آڈٹ پیراز زیرِ غور آئے، جبکہ باقی ماندہ ایجنڈا 30 نومبر 2026 کو ہونے والے آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا غیر ترقیاتی بجٹ سے متعلق آڈٹ پیرا پر محکمے نے وضاحت کی کہ مالی سال 2022-23 میں محکمہ خزانہ کی جانب سے مختلف مدات میں 12 ارب 11 کروڑ روپے جاری کیے گئے، جن میں سے 2 ارب 83 کروڑ روپے غیر استعمال شدہ رہے یہ بچت خالی آسامیوں کے باعث تنخواہوں کی مد میں کم اخراجات اور دیگر جاری اخراجات میں بچت کی وجہ سے ہوئی۔ کمیٹی نے محکمے کی وضاحت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ آڈٹ پیرا نمٹا دیا ترقیاتی بجٹ کے 26 کروڑ 90 لاکھ روپے غیر استعمال شدہ رہنے سے متعلق آڈٹ پیرا پر محکمے نے بتایا کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ 31 ارب 53 کروڑ روپے کے مقابلے میں یہ رقم تقریباً 0.85 فیصد بنتی ہے محکمے نے رقم استعمال نہ ہونے کی وجوہات بھی پیش کیں، جن پر کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یہ آڈٹ پیرا بھی نمٹا دیا مختلف بلڈنگ ڈویژنز میں مبینہ زائد ادائیگیوں کی مجموعی رقم 9 کروڑ 3 لاکھ 41 ہزار روپے سے متعلق آڈٹ پیرا نمبر 4.2.1 کے تحت شامل 25 اضلاع میں سے اجلاس میں صرف شیرانی اور لسبیلہ کے معاملات زیرِ بحث آئے ضلع شیرانی کے ترقیاتی منصوبوں میں خود رو پودوں اور جھاڑیوں کی کٹائی و صفائی پر ایک لاکھ 51 ہزار روپے کے اخراجات کے حوالے سے محکمے نے بتایا کہ متعلقہ تصویری شواہد آڈٹ ٹیم کو فراہم کیے جائیں گےایکسین بلڈنگ لسبیلہ سے متعلق معاملے پر تفصیلی جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی گئی کمیٹی کو بتایا گیا کہ متعلقہ دور کے ایکسین ریٹائر ہو چکے ہیں اور جواب کی تیاری کے لیے ضروری ریکارڈ یکجا کیا جا رہا ہے محکمے نے واضح کیا کہ اجلاس میں ۔مزکورہ چار پیراز کے علاوہ کوئی اور پیرا زیر بحث ہی نہیں آیا ۔اس لئے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں اور ریکوری سے متعلق خبروں کو کمیٹی کے فیصلے کے طور پر پیش کرنا درست نہیں چیئرمین پی اے سی نے محکمے کو مزید ہدایت کی کہ 30 نومبر 2026 کے آئندہ اجلاس میں زیرِ التوا آڈٹ پیراز کے تفصیلی جوابات پیش کیے جائیں انہوں نے سیکریٹری مواصلات و تعمیرات کی زیرِ صدارت ان برسوں کے آڈٹ پیراز پر محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی، ڈی اے سی کے اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی جن پر تاحال ڈی اے سی اجلاس نہیں ہوئے محکمے نے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ اجلاس کی کارروائی سے متعلق معلومات کی اشاعت سے قبل تصدیق کی جائے اور انہیں درست سیاق و سباق کے ساتھ پیش کیا جائے۔
5






