4

گوادر پورٹ کی ملازمتوں پر مقامی ماہی گیروں کے بچوں کے حق کو تسلیم کیا جائے: ترجمان گوادر ماہی گیر اتحاد

گوادر پورٹ کی ملازمتوں پر مقامی ماہی گیروں کے بچوں کے حق کو تسلیم کیا جائے: ترجمان گوادر ماہی گیر اتحاد
گوادر:
گوادر ماہی گیر اتحاد کے ترجمان نے اپنے ایک سوشل میڈیا بیان میں گوادر پورٹ انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گوادر پورٹ اور اس سے جڑے ترقیاتی منصوبوں میں مقامی ماہی گیروں کے بچوں کے روزگار کے حق کو ترجیحی بنیادوں پر تسلیم کیا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ گوادر پورٹ کی تعمیرات اور توسیعی منصوبوں کی وجہ سے ماہی گیروں کی تاریخی اور قیمتی شکار گاہیں نیز ایسٹ بے (East Bay) کا ساحل تجارتی اور تعمیراتی مقاصد کے لئے استعمال ہو چکا ہے۔ اس کی وجہ سے نہ صرف مقامی ماہی گیروں کا ذریعہ معاش شدید متاثر ہوا ہے بلکہ ان کی املاک کے تحفظ سے جڑے مسائل بھی پیدا ہوئے ہیں، اور ماھیگیروں کے بچے اپنے خوبصورت اور روایتی ساحل کی رونقوں اور رسائی سے محروم ہو چکے ہیں۔
ماہی گیر اتحاد کے ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ گوادر پورٹ اور اس سے وابستہ بزنس پلانز کے تحت کیے جانے والے بین الاقوامی اور مختلف ممالک کے دوروں میں ماہی گیر برادری کو مکمل طور پر نظر انداز اور سائیڈ لائن کیا گیا ہے۔ اس صورت حال نے ماہی گیروں میں اپنے مستقبل اور ذریعہ معاش کے حوالے سے شدید تشویش اور بے چینی پیدا کر دی ہے۔
ترجمان نے گوادر پورٹ اور اعلٰی حکام سے اپیل کرتے ہوئے زور دیا کہ پورٹ میں آنے والی تمام ملازمتوں اور روزگار کے مواقع میں مقامی ماہی گیروں کی بچوں کو پہلی ترجیح دی جائے تا کہ ان کی معاشی قربانیوں اور حق تلفی کا ازالہ ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں