
(24 ںیوز) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر وکٹ کیپر بیٹر مشفیق الرحیم نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کی باقاعدہ تصدیق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر تمیم اقبال نے کر دی ہے۔
تمیم اقبال نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 39 سالہ مشفیق الرحیم فروری 2027 میں انگلینڈ کے خلاف شیڈول پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد طویل طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
صدر بی سی بی کا کہنا تھا کہ مشفیق الرحیم نے چند روز قبل انہیں ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔ تمیم اقبال کے مطابق، “میں نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ اس بڑے فیصلے کا اعلان خود کریں، تاہم اب میں ان کی اپنی درخواست پر ان کی ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر رہا ہوں۔”
انہوں نے مشفیق الرحیم کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ کے لیے عظیم خدمات سرانجام دی ہیں۔ تمیم اقبال نے اعلان کیا کہ بورڈ اپنے اس مایہ ناز کھلاڑی کے اعزاز میں ایک خصوصی الوداعی تقریب کا انعقاد کرے گا اور پوری ٹیم کی کوشش ہوگی کہ مشفیق کے آخری ٹیسٹ میچ کو ایک یادگار فتح کے ساتھ سجایا جائے۔
واضح رہے کہ مشفیق الرحیم نے اپنے شاندار ٹیسٹ کیریئر میں اب تک 108 میچز میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کرتے ہوئے 7 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے ہیں اور وہ ملکی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ ملائیشین سٹارنے اپنے نام کرلی






