
(حاشر احسن)سابق صدر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو خط لکھ کر 27 جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
خط میں سردار محمد یعقوب خان نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ امن و امان کی صورتحال میں آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کا انعقاد انتہائی مشکل نظر آ رہا ہے، انہوں نے عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 50(7) اور الیکشنز ایکٹ 2020 کے سیکشن 53 کا حوالہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے آئینی اختیارات استعمال کرنے کی درخواست کی۔
سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ شفاف اور محفوظ ماحول میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے اور ہنگامی حالات میں مناسب فیصلہ کیا جائے، جمہوری انتخابات کا مقصد صرف مقررہ تاریخ پر پولنگ کرانا نہیں بلکہ عوام کو خوف سے آزاد ماحول میں اپنے حقِ رائے دہی کے استعمال کا موقع فراہم کرنا ہے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن آزاد کشمیر بھر میں امن و امان کی صورتحال کا فوری اور جامع جائزہ لے، جبکہ سول انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے انتخابات سے متعلق تفصیلی رپورٹس طلب کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کشیدگی کے اثرات، امریکی تیل ذخائر 45 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے الیکشن کمیشن سے تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہنگامی مشاورت کر کے زمینی حقائق کا جائزہ لینے کی بھی اپیل کی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حالات معمول پر آنے تک 27 جولائی 2026 کے عام انتخابات مناسب مدت کے لیے ملتوی کیے جائیں تاکہ عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول میں ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہو سکے۔






