1

میرے بچے نہیںہوتے تو اپنی زندگی ان پر نچھاور کر دیتی؛ فریحہ پرویز 

(ویب ڈیسک)’’پتنگ بازسجناں ‘‘فیم معروف گلوکارہ فریحہ پرویز نے کہاہے کہ اگرمیرے بچے ہوتے تو اپنی زندگی ان پر نچھاور کر دیتی۔
معروف گلوکارہ فریحہ پرویز نے ’’پتنگ بازسجناں‘‘کے علاوہ بھی کئی مقبول پنجابی گیتوں اور ڈراموں کے او ایس ٹیز میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے،انہوں نے گلوکار نعمان جاوید سے طلاق کے بعد 2016ء میں موسیقی کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔
حال ہی میں فریحہ پرویز نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اولاد نہ ہونے اور اللّہ کی جانب سے عطاء کردہ اس خوبصورت نعمت کے حوالے سے بعض والدین کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر کھل کر گفتگو کی۔
 فریحہ پرویز نے کہا کہ میرے بچے نہیں ہیں اور میرا خیال ہے کہ اگر میں بیٹوں یا بیٹیوں کی ماں ہوتی تو میں ایک انتہائی محتاط ماں ہوتی، میں اپنی زندگی حقیقتاً ان پر نچھاور کر دیتی، اپنے آپ کو غرق کر دیتی، کیونکہ میں نے بھی اپنا بچپن گزارا ہے، کھیل کود کے لمحات، سکول اور زندگی کے تمام مراحل دیکھے ہیں۔

معروف گلوکارہ نے کہا کہ بچے کی زندگی میں ماں کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے، آج ہم دیکھتے ہیں کہ مائیں اپنے بچوں کو آئی پیڈز، ٹیبلٹس دے دیتی ہیں، جس سے وہ ان کی صحت کو نقصان پہنچا رہی ہیں، ان میں سے نکلنے والی تابکاری بچوں کی کمر، ہڈیوں اور جسم کو متاثر کر رہی ہے، بچوں کی صحت پر سمجھوتا کیا جا رہا ہے،براہِ کرم اللّہ کی دی ہوئی اس نعمت کا خیال رکھیں، اپنے بچوں کی قدر کریں، یہ ایک نعمت بھی ہے اور آزمائش بھی۔

یہ بھی پڑھیں:سنی دیول نے پاکستان سے متعلق دل کی بات کہہ دی
انہوں نے کہا کہ ماؤں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنا کردار بخوبی ادا کریں، میں جانتی ہوں کہ والدین کو شاید میری یہ بات ناگوار گزرے، لیکن جب آپ کسی بچے کو دنیا میں لانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو اس کی مناسب دیکھ بھال بھی ضرور کریں۔
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں