
( ویب ڈیسک ) معروف بسکٹ کی تیاری میں کوکو کے بجائے کالا کوئلہ استعمال کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا، جس پر حکام نے فیکٹری کو سیل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق مصر میں فوڈ سیفٹی حکام نے ایک بڑا اقدام کرتے ہوئے ایک غیر قانونی فیکٹری کو سیل کر دیا، جہاں مبینہ طور پر بسکٹ کی تیاری میں کوکو کے بجائے کیمیائی بلیک ویجیٹیبل کاربن (کوئلہ) استعمال کیا جا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران حکام نے فیکٹری سے تقریباً 1.8 ٹن غیر معیاری اور مشتبہ خام مال برآمد کر کے اپنے قبضہ میں لے لیا ہے۔
ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ فیکٹری میں تیار کی جانے والی مصنوعات کی صفائی اور اجزاء کے معیار پر سنگین سوالات اٹھے ہیں کہ اگر تحقیقات میں کوئلے کے استعمال کا دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ صارفین کے اعتماد اور خوراک کے معیار سے متعلق ایک انتہائی اہم معاملہ بن سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرول اور ڈیزل پر 3 ماہ کیلئے سبسڈی کا اعلان
حکام کا کہنا ہے کہ اس فوری ایکشن کا بنیادی مقصد جعلی اور مضرِ صحت بسکٹوں کو مارکیٹ تک پہنچنے اور عوام کی صحت کو نقصان پہنچانے سے روکنا تھا۔
تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اس مشتبہ خام مال سے تیار کردہ مصنوعات کا کوئی حصہ پہلے ہی مارکیٹ یا دکانوں تک پہنچا تھا یا نہیں، اس حوالے سے کسی مخصوص مارکیٹ یا خریداروں کے متاثر ہونے کا حتمی دعویٰ کرنا قبل از وقت ہوگا۔
برآمد کیے گئے 1.8 ٹن مواد کو سرکاری لیبارٹری میں تفصیلی جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے، جس کے نتائج آنے کے بعد ہی استعمال شدہ کیمیکلز اور ان کی قانونی حیثیت کی مکمل نوعیت واضح ہو سکے گی۔
خوراک سے متعلق اس سنگین معاملے پر حکام نے فیکٹری مالکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
حکام کی آئندہ تحقیقات سے یہ معلوم ہونا باقی ہے کہ فیکٹری میں اصل میں کون سے اجزا استعمال کیے جا رہے تھے اور ان کی قانونی حیثیت کیا تھی، فی الحال حکام نے کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری کو تحویل میں لیا ہے اور مزید حقائق کی جانچ جاری ہے۔






