
(راؤدلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں میں درپیش عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں صوبائی وزیر عاشق حسین شاہ، جاوید علاؤالدین ساجد، چوہدری افتخار حسین چھچھڑ، نور الامین وٹو، علی عباس، میاں یاور زمان، میاں محمد منیر اور غلام رضا شریک ہوئے۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اپنے حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
ارکان اسمبلی نے پنجاب کے 41 اضلاع اور 2 تحصیلوں میں مربوط سیف سٹی نیٹ ورک قائم کرنے پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے اوکاڑہ جی ٹی روڈ سے بائی پاس سڑک کی تعمیر و بحالی اور شہریوں کے لیے الیکٹروبس سروس کے آغاز پر بھی اظہار تشکر کیا۔
ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ سیف سٹی اور پولیس کے مؤثر اقدامات کے باعث پنجاب میں جرائم کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے، انہوں نے الیکٹروبس، اپنی چھت اپنا گھر اور کسان کارڈ کو عوام میں مقبول منصوبے قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر، آرامکو نے متبادل راستے سے تیل کی پیشکش کردی
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان صوبائی اسمبلی کو عوام سے بھرپور رابطے رکھنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عوامی منصوبوں کی تکمیل کے لیے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کرنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار تمام شہروں اور دیہات کو یکساں طور پر ستھرا پنجاب کے ذریعے صاف کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پہلی بار لاہور اور پسماندہ شہروں کے درمیان فرق ختم کیا جا رہا ہے اور ہر شہر و گاؤں میں الیکٹروبس سروس فراہم کی جا رہی ہے۔






