8

ایرانی عوام دشمن کی جارحیت کے باوجود ثابت قدم ہیں، مسعود پزشکیان کا امریکی حملوں کے بعد قوم کو خراجِ تحسین

(24نیوز)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکی حملوں کے بعد قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کر دیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کی جانب سے حالیہ حملوں کے بعد ایرانی عوام کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایران تاریخی طور پر استعمار کے خلاف مزاحمت کی علامت رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں صدر پزشکیان نے کہا کہ آج بھی اس خطے کے باوقار عوام دشمن کی جارحیت کے نتیجے میں پیش آنے والے مشکل حالات کو صبر، استقامت اور ثابت قدمی کے ساتھ عزت و وقار سے برداشت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ان وفادار اور ثابت قدم عوام کے ساتھ کھڑا ہوں اور ان کا شکر گزار ہوں۔ 

صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایران ماضی میں بھی نوآبادیاتی طاقتوں کے خلاف مزاحمت کی علامت رہا ہے اور موجودہ حالات میں بھی عوام اسی جذبے کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی فوج کے سینئر عہدیدار بریگیڈیئر جنرل محمد اکرم نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز جنگ یا دھمکیوں کے ذریعے نہیں کھلے گی۔ امریکا کو عالمی قوانین اور ممالک کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہیے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت یا معاہدوں کی مبینہ خلاف ورزی کو قبول نہیں کرے گا۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ایران نے ایک معاہدے کے تحت عارضی طور پر 60 روز کے لیے ٹول فری آمدورفت کی اجازت دی تھی، تاہم امریکا نے مبینہ طور پر دھوکا دہی کے ذریعے وہاں غیر قانونی راستہ بنانے کی کوشش کی، جسے ایران نے ناقابل قبول قرار دیا۔

ایران فوج کے سینئر عہدیدار بریگیڈیئر جنرل محمد اکرم نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ امریکا ایران کے حقوق کا احترام کرے۔

یہ بھی پڑھیں:بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری  رہے گا؟محکمہ موسمیات کا ہنگامی الرٹ
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں