5

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات

لاہور : گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، وفاق اور صوبوں کے درمیان خوشگوار تعلقات، بین الصوبائی تعاون اور قومی یکجہتی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے بلوچستان اور پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز کے درمیان تعلیمی و تحقیقی اشتراک کو فروغ دینے، طلبہ و فیکلٹی کے تبادلے اور طبی تعلیم و تربیت کے جدید تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے تمام وفاقی اکائیوں کے درمیان مضبوط روابط، باہمی اعتماد اور مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ اس سلسلے میں عوامی سطح پر روابط بڑھانے، ثقافتی و سماجی تبادلوں کو فروغ دینے اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ گورنر بلوچستان نے بلوچستان میں ہائیر ایجوکیشن کے فروغ، پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی استعداد کار میں اضافے، ریسرچ کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی اداروں کے مابین روابط کے قیام کیلئے پنجاب کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے طلبہ و طالبات کو پنجاب کے معیاری تعلیمی اداروں میں داخلے کے مواقع فراہم کرنے اور اعلیٰ تعلیم کے حصول میں ہر ممکن سہولت و تعاون فراہم کیا جائےگا۔ گورنر بلوچستان نے گورنر پنجاب کو کوئٹہ کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں صوبوں کے درمیان تعاون کے امکانات کو وسعت دی جا سکے اور تعلیمی و ترقیاتی امور پر عملی پیش رفت کی جائے۔ ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صوبائی قیادت کے درمیان مسلسل رابطے، مشاورت اور باہمی تعاون کے ذریعے قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو مزید مستحکم کیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں