وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی ترقی، خوبصورتی اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کوئٹہ کی ماضی کی خوبصورتی اور تاریخی شناخت کی بحالی کے لیے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری اور مکمل ہونے والے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیکج کے تحت اب تک 12 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 7 منصوبوں پر کام جاری ہے اور شہر کی مزید ترقی و بہتری کے لیے 5 نئے منصوبے تجویز کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نئے منصوبوں پر بھی بلا تاخیر کام شروع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ صوبے کا چہرہ ہے اور شہر کی ترقی، خوبصورتی اور بنیادی سہولیات کی بہتری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ کو جدید، خوبصورت اور بہتر شہری سہولیات سے آراستہ شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی تاریخی شناخت اور ماضی کی خوبصورتی کی بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ شہر کی تزئین و آرائش کے منصوبوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری منصوبوں میں معیار اور رفتار دونوں کو یقینی بنایا جائے اور ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہر میں سڑکوں، انفراسٹرکچر اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کے ساتھ ساتھ کوئٹہ کو خوبصورت بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کی ترقی محض تعمیراتی منصوبوں تک محدود نہیں بلکہ شہر کو ایک منظم، جدید اور خوبصورت صوبائی دارالحکومت بنانا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔
31






