11

کوئٹہ: سول اسپتال میں جڑواں بچوں کی پیدائش کا دعویٰ غلط ثابت، انکوائری رپورٹ جاری

کوئٹہ: سول اسپتال میں جڑواں بچوں کی پیدائش کا دعویٰ غلط ثابت، انکوائری رپورٹ جاری
کوئٹہ: سول سنڈیمن اسپتال میں خاتون کے ہاں جڑواں بچوں کی مبینہ پیدائش کے معاملے پر انکوائری رپورٹ جاری کردی گئی، جس میں جڑواں بچوں کی پیدائش کے دعوے کو غلط قرار دیا گیا ہے۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق خاتون کے ہاں صرف ایک بچے کی پیدائش ہوئی اور جڑواں بچوں کی پیدائش کے دعوے کی تصدیق کے لیے کوئی قابلِ اعتماد ثبوت نہیں ملا۔
رپورٹ کے مطابق سول اسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 7 ستمبر کو جاری کی گئی الٹراساؤنڈ رپورٹ میں جڑواں حمل کا ذکر انسانی غلطی کا نتیجہ تھا، جس کی بعد ازاں محکمہ ریڈیالوجی نے تکنیکی وضاحت بھی جاری کی۔
انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹروں کے بیانات، طبی ریکارڈ اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا، جن سے ایک ہی بچے کی پیدائش کی تصدیق ہوئی۔ کمیٹی کے مطابق معاملے میں کسی کوتاہی یا دوسرے بچے کی پیدائش کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خاتون کے شوہر سے بی ٹی ایل کے لیے تحریری رضامندی حاصل کی گئی تھی۔
سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالہادی کاکڑ کے مطابق واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی گئیں اور دورانِ انکوائری ہر ممکن شفافیت کو یقینی بنایا گیا۔ خاتون کے شوہر اور دیگر رشتہ داروں کو بھی طلب کرکے تمام شواہد دکھائے گئے، جن میں سی سی ٹی وی فوٹیج بھی شامل تھی۔
ایم ایس سول اسپتال نے کہا کہ غیر مصدقہ خبروں سے ڈاکٹروں کی حوصلہ شکنی اور اسپتال کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ کسی بھی واقعے یا طبی کیس کو نشر کرنے سے قبل اس کی مکمل تصدیق کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں