11

قلات، سوراب اور مستونگ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر اب خاموش نہیں رہیں گے، مولانا عبدالغفور حیدری

قلات: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکریٹری و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ قلات، سوراب اور مستونگ میں واپڈا کی جانب سے جاری طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر اب خاموش نہیں رہیں گے۔

خان میراحمد یار خان پریس کلب قلات کے صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ کیسکو اپنا رویہ درست کرے، بصورت دیگر عوامی غیظ و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ہی عوام سے جینے کا حق چھین چکی ہے، جبکہ بجلی اور گیس جیسی بنیادی ضروریات کی عدم فراہمی کے ذریعے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے قلات، مستونگ اور سوراب میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے زائد ہوچکا ہے، جس کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلے پر قومی اسمبلی کے فلور پر سخت احتجاج کریں گے اور کیسکو چیف سے بھی بات کریں گے۔ اگر اس کے باوجود مسئلہ حل نہ ہوا تو حکومت اور کیسکو حکام کو عوامی غیظ و غضب کا سامنا کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں