10

حکومت بلوچستان کا ڈاکٹر نعیم زرکون کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ قابلِ مذمت ہے، پی ایم اے کوئٹہ زون

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کوئٹہ زون نے نو منتخب صدر ڈاکٹر نعیم زرکون کو ان کے سرکاری عہدے سے ہٹانے کے حکومتی فیصلے پر شدید تشویش اور سخت مذمت کا اظہار کیا ہے۔

پی ایم اے کوئٹہ زون کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر نعیم زرکون کو محض اس بنیاد پر سرکاری عہدے سے ہٹانا کہ وہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے ہیں، ایک افسوسناک، غیر مناسب اور قابلِ تشویش اقدام ہے۔ پی ایم اے ایک جمہوری اور نمائندہ پلیٹ فارم ہے، جس کے عہدیداران کا انتخاب ایک باقاعدہ جمہوری عمل کے ذریعے ہوتا ہے۔ کسی ڈاکٹر کا اپنی نمائندہ تنظیم کا عہدہ سنبھالنا اس کے سرکاری فرائض یا پیشہ ورانہ کردار کے خلاف نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف طبی برادری میں بے چینی پیدا ہوتی ہے بلکہ حکومت اور ڈاکٹرز کے درمیان اعتماد کی فضا بھی متاثر ہوتی ہے۔ بلوچستان کا شعبۂ صحت پہلے ہی متعدد انتظامی، مالی اور بنیادی مسائل کا سامنا کر رہا ہے، ایسے وقت میں ڈاکٹرز کو دباؤ میں لانے کے بجائے ان کے ساتھ مشاورت اور باہمی احترام کا راستہ اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پی ایم اے کوئٹہ زون حکومت بلوچستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ ڈاکٹر نعیم زرکون کے خلاف جاری کیے گئے احکامات پر فوری نظرثانی کرتے ہوئے انہیں واپس لیا جائے اور طبی برادری کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنا جائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پی ایم اے کوئٹہ زون ڈاکٹرز کے جائز حقوق، عزت، وقار اور نمائندگی کے جمہوری حق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ حکومت سے بھی مطالبہ ہے کہ معاملات کو مزید کشیدہ کرنے کے بجائے مذاکرات، افہام و تفہیم اور باہمی احترام کے ذریعے حل کیاجائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں