کوئٹہ: عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر ضلع کوئٹہ کے تمام سب ڈویژنز میں مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
کارروائیوں کے دوران آٹا ڈیلرز، دکانداروں اور ریٹیلرز کی چیکنگ کی گئی اور سرکاری نرخ نامے کے برخلاف آٹا فروخت کرنے والے 26 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا۔
یہ کارروائیاں اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی، اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ اور اسپیشل مجسٹریٹ عزت اللہ کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے واضح کیا ہے کہ عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور کسی کو بھی من مانی قیمتیں مقرر کرنے یا خود ساختہ نرخوں پر آٹا فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے خلاف کسی قسم کی منافع خوری، گرانفروشی اور ناجائز منافع خوری برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز اور مسلسل جاری رہیں گی۔






