10

مستونگ میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ، ایک اہلکار شہید، ایک زخمی،وزیراعلی کی حملے کی مذمت

کوئٹہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کانک میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے سپاہی عزت اللہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید اہلکار کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور تمام سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے سپاہی نصیب اللہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، دہشت گرد جہاں بھی چھپے ہوں انہیں تلاش کرکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، امن کے محافظوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت اور سیکیورٹی اداروں کا عزم غیر متزلزل ہے، بلوچستان کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں