کوئٹہ : ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت قومی شاہراہ NA-25 پر جاری تعمیر و ترقیاتی کام اور اس کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، قومی شاہراہ پر جاری کام، مختلف امور میں پیش رفت اور درپیش مسائل کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) حافظ محمد طارق، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے متعلقہ حکام اور ریونیو اہلکاران شریک ہوئے۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے NA-25 سڑک کے مختلف حصوں میں جاری کام کی صورتحال، اب تک ہونے والی پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہم شاہراہوں پر جاری ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہایت ضروری ہے، کیونکہ ان منصوبوں کا براہِ راست تعلق شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، ٹریفک کے نظام میں بہتری اور آمدورفت کو محفوظ اور آسان بنانے سے ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ NA-25 سڑک کے کام میں مزید تیزی لائی جائے اور ترقیاتی کام کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کام کے دوران معیار اور مقررہ ضوابط پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ منصوبہ دیرپا اور عوام کے لیے موثر ثابت ہو۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سڑک کے کام سے متعلق تمام امور کو باہمی رابطے اور موثر حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھایا جائے، جبکہ کسی بھی رکاوٹ یا مسئلے کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے تاکہ اس کے حل کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے ریونیو حکام کو بھی ہدایت کی کہ سڑک کے منصوبے سے متعلق انتظامی اور ریونیو امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ تعمیراتی کام میں غیر ضروری تاخیر پیدا نہ ہو۔اجلاس کے دوران NA-25 پر جاری کام کی نگرانی، متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ کاری اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر بھی غور کیا گیا۔
7






