گڈانی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر اور ترجمان آصف علی زرداری برائے بلوچستان میر علی حسن زہری نے حبکو کنڈ کے قریب کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار کے لیے جانے والی کشتی الٹنے کے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
میر علی حسن زہری نے کہا کہ حادثے کی خبر انتہائی افسوسناک اور دل خراش ہے۔ سمندر میں روزگار کے لیے جانے والے محنت کش ماہی گیروں کے ساتھ پیش آنے والے اس حادثے پر دلی صدمہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین ماہی گیروں کو سمندر سے زندہ نکال لیے جانے کی خبر باعثِ اطمینان ہے اور دعا ہے کہ وہ جلد مکمل صحت یاب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں حادثے سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور تکلیف کو محسوس کرتے ہیں اور ان کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ ماہی گیر ہمارے معاشرے کا محنت کش طبقہ ہیں جو اپنے خاندانوں کی کفالت کے لیے سخت اور خطرناک حالات میں سمندر کا رخ کرتے ہیں۔
میر علی حسن زہری نے متعلقہ انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حادثے میں متاثر ہونے والے تمام افراد اور ان کے خاندانوں پر اپنا خصوصی کرم فرمائے، محفوظ رہنے والے ماہی گیروں کو مکمل صحت عطا کرے اور دیگر افراد کے بارے میں خیر و عافیت کی خبر عطا فرمائے۔ آمین۔






