5

بندوق کے زور پر مذاکرات نہیں ہوں گے، آئین و ریاستی نظام کو تسلیم کرنے والوں سے بات چیت ہوگی، ضیاء لانگو

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ حکومت نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا، تاہم بندوق کے زور پر مذاکرات کسی صورت نہیں ہوں گے۔ آئین پاکستان اور ریاستی نظام کو تسلیم کرنے والوں سے ضرور بات چیت ہوگی۔
مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان کو تشدد کے بجائے قلم، تباہی کے بجائے ترقی اور نفرت کے بجائے امن کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ دہشت گردی، تشدد اور نفرت کو مل کر مسترد کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بحث سے نکلنا ہوگا کہ مذاکرات کس سے ہونے چاہئیں اور کس سے نہیں، ہماری توجہ بلوچستان اور پاکستان کی ترقی، امن، خوشحالی اور عوام کے بہتر مستقبل پر مرکوز ہونی چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ امن تباہ کرنے، عوام کو تقسیم کرنے اور معصوم جانوں کو نقصان پہنچانے والوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بندوق، دہشت گردی اور تشدد کے ذریعے اپنی بات منوانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
میر ضیاء اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ ہماری اصل طاقت اتحاد، تعلیم، محنت، شعور اور وطن سے محبت ہے۔ نوجوان قلم کو اپنا ہتھیار بنائیں، تعلیم حاصل کریں اور پارلیمانی و جمہوری جدوجہد میں بھرپور حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں عوام ریاست اور آئینی اداروں کے ساتھ کھڑے ہو کر ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں، دنیا میں ریاست اور آئین کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے سامنے ریاستی نظام کو کمزور کرنے کی کوئی مثال نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں