4

راستے بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، تمام سیکیورٹی اور متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
وزیر داخلہ نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے، تاہم شہریوں کے راستے بند کرنے اور انہیں مشکلات میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کسی بھی جگہ راستے بند کرنا قابل قبول نہیں ہوگا، شاہراہیں بند کرکے شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ سیاسی سرگرمیوں کے دوران جلوس نکلتے ہیں، تاہم امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھنا ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اللہ نہ کرے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے، تاہم ایسی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے اپوزیشن رہنماؤں سے موجودہ صورتحال کو سمجھنے اور فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا بلکہ اس کا نقصان ملک، صوبے اور عوام کو ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں بہت سے سمجھ دار رہنما موجود ہیں، تمام مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جاسکتا ہے۔ حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے اور پارلیمنٹ میں آکر تمام معاملات پر گفتگو کرنے کو بھی تیار ہے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ حکومت چاہتی ہے تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل ہوں اور ملک میں امن و امان کو خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں