10

ویمن انٹر پرینوز نیٹ ورک نمائشبلوچستان سرمایہ کاری بورڈاور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے درمیان اشتراک کا معاہدہ طے

کوئٹہ، : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی مصنوعات کو قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے 31 اکتوبر اور یکم نومبرویمن انٹر پرینوز نیٹ ورک نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں بلوچستان بھر کی خواتین اپنی مصنوعات پیش کریں گی۔اس سلسلے میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے درمیان اشتراک کا معاہدہ طے پا گیا۔معاہدے پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو عبد المنان اور ٹی ڈیپ کیصوبائی ڈائریکٹر نور علی اچکزئی نے دستخط کیے، اس موقع پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے 31 اکتوبر اور یکم نومبر 2026 کو بیوٹمز ایکسپو سینٹر کوئٹہ میں منعقد ہونے والی ”ویمن انٹرپرینیورز نیٹ ورک (WEXNET) کوئٹہ 2026“ نمائش کے کامیاب انعقاد کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔اس موقع پر وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بلال خان کاکڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کے وژن کے مطابق بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور نجی شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ خواتین کاروباری شخصیات کو سہولت فراہم کرنا بھی اسی وژن کا اہم حصہ ہے بلوچستان کی خواتین میں کاروباری صلاحیتوں، تخلیقی مہارتوں اور معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی بھرپور استعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں صوبے بھر کی کاروباری خواتین کوایک موثر پلیٹ فارم مہیا ہوگا، خواتین کو کاروباری سرگرمیوں میں شامل کرنا نہ صرف ان کی معاشی خودمختاری کے لیے اہم ہے بلکہ اس سے صوبے کی مجموعی معیشت کو مضبوط بنانے، مقامی صنعتوں کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ٹی ڈیپ کے صوبائی ڈائریکٹر نور علی اچکزئی نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلا ل خان کاکڑکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نمائش میں صوبے بھر کی خواتین کو مدعو کیا گیا ہے اس اقدام کے دورس فائدے حاصل ہونگے،خواتین کے اسٹالز کی فیس اور رہائش کے اخراجات بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ برداشت کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں