
(رانا آذر)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا فائنل کل لاہور میں کھیلا جائے گا، فائنل میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔
فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی شوٹ میں حصہ لیا، قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ سری لنکا کی قیادت کوشل مینڈس کریں گے۔
پاکستان نے تین ملکی سیریز میں انگلینڈ کے ساتھ دو اور سری لنکا کے ساتھ ایک میچ جیتا، پاکستان کی نظریں ہوم گراؤنڈ پر پہلی ون ڈے انٹرنیشنل تین ملکی سیریز ٹرافی جیتنے پر مرکو ز ہیں۔
سلمان علی آغا 158 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے نمایاں بیٹر ہیں، عرفات منہاس نے چار میچوں میں نو جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
اس موقع پر کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن کچھ شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے، ٹاپ آرڈر میں رنز بنانے اور بڑی شراکتیں قائم کرنے کی ضرورت ہے،شائقین کرکٹ نے ہمیشہ ہماری بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اُمید ہے کل بڑی تعداد میں شائقین سٹیڈیم آکر ٹیم کو سپورٹ کریں گے، فائنل میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پُرامید ہیں، فائنل ہمارے لیے ایک بڑا اور اہم میچ ہے۔
سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے، فائنل کے لیے بھرپور تیاری کی ہے، مقابلے کے منتظر ہیں،پاکستان کے ساتھ گزشتہ میچ میں ہماری کارکردگی بہت اچھی رہی۔
کوشل مینڈس نے کہا کہ سری لنکا میں سب لوگ ٹیم کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں،پاکستانی شائقین نے سری لنکن کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ کیا۔






