رکھنی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمٰن قمبرانی کی خصوصی ہدایات پر ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر مہر دین کھیتران نے رکھنی میں لورالائی روڈ پر قائم نجی کلینکس اور میڈیکل اسٹورز کا اچانک معائنہ کیا۔
دورے کے دوران نجی کلینکس کے لائسنس اور رجسٹریشن کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر مہر دین کھیتران نے کلینک مالکان کو ہدایت کی کہ وہ 15 روز کے اندر اپنے اداروں کی رجسٹریشن اور ضروری لائسنس مکمل کروائیں، بصورت دیگر مقررہ مدت کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے میڈیکل اسٹورز کے معائنے کے دوران کٹ ریٹ ادویات کی موجودگی کا بھی نوٹس لیا اور مالکان کو ہدایت کی کہ ایسی ادویات فوری طور پر اسٹورز سے ہٹائی جائیں اور غیر قانونی ادویات کی خرید و فروخت سے گریز کیا جائے۔
ڈویژنل ڈائریکٹر صحت نے کلینکس میں صفائی ستھرائی بہتر بنانے، حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کرنے اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ 15 روز بعد دوبارہ معائنہ کیا جائے گا اور احکامات پر عمل نہ کرنے والے کلینکس اور میڈیکل اسٹورز کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
3






