چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تین سال میں سندھ حکومت نے 10 لاکھ گھر بنا کر تاریخ رقم کردی۔
شہرِ قائد میں سندھ کے سیلاب متاثرین کے گھروں کی تکمیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پوری دنیا اس وقت معاشی بحران سے گزر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخی مہنگائی کے باعث عوام حکومتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ کون مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، عوام کو نفرت اور تقسیم کی سیاست نہیں بلکہ اپنے معاشی مسائل کا حل چاہیے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کرکے تاریخ رقم کردی ہے، معاشی بحران، تعلیمی مسائل اور بے روزگاری کے موجودہ دور میں سیاسی جماعتوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ 10 لاکھ گھر محض عمارتیں نہیں بلکہ ان کے مالکان کو زمین کا حق بھی دیا گیا ہے، ہم نے گھروں کی خواتین کو زمین کا مالک بنایا، جن لوگوں کے پاس اپنا گھر نہیں تھا انہیں گھر تعمیر کرکے دیے اور زمین کی ملکیت بھی منتقل کی، یہ 1970 کے بعد زمین کی منتقلی کا بھی سب سے بڑا منصوبہ ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عوام اپنی حکومتوں کی طرف تقسیم کی سیاست اور ایک دوسرے کو لڑانے کے لیے نہیں دیکھتے بلکہ وہ اپنی زندگیوں کو آسان بنانے اور مسائل کے حل کی امید رکھتے ہیں، سندھ حکومت کے گھر بنانے اور مفت علاج کے منصوبے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو سہولتیں فراہم کریں اور مشکل حالات میں ان کا معاشی تحفظ یقینی بنائیں، سندھ حکومت 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کے بعد 20 لاکھ گھر بنانے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ کون سی سیاسی جماعت انہیں معاشی بحران سے نکالنے کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے، سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عوام کو بتائیں کہ انہیں معاشی مشکلات اور ناکامیوں سے کیسے نکالیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ سیاسی جماعتیں مسائل کا حل پیش کرنے کے بجائے نفرت اور تقسیم کی سیاست تو نہیں کریں گی، موجودہ حالات میں عوام کو سیاسی محاذ آرائی کے بجائے معاشی مسائل سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ وفاقی ادارے عالمی بینک کو یہ باور کرانے میں مصروف تھے کہ صوبائی ادارے کرپٹ ہوتے ہیں، تاہم عالمی بینک نے سندھ حکومت پر اعتماد کیا اور صوبائی حکومت نے عملی طور پر کام کرکے دکھایا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کو جتنی بڑی قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑا، دیگر صوبے شاید اس کا مقابلہ نہ کر سکتے، تنقید کرنے والے سندھ میں تعلیم کے مسائل پر بات کرنے کے بجائے حکومت پر تنقید کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہماری کردار کشی اور تنقید کرنے والے ہم سے سیکھیں کہ عوام کی خدمت کیسے کی جاتی ہے، وزیراعظم نے سیلاب کے دوران سندھ کو ایک روپیہ بھی نہیں دیا تھا، جب کہ سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ عالمی بینک نے صوبائی حکومت پر اعتماد کیا اور ہم نے اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے منصوبے کو مکمل کرکے دکھایا۔






