یومِ اقبال کے موقع پر چغتائی پبلک لائبریری کی لائبریری آن ویلز اور خصوصی اسٹال
اقبال اکادمی پاکستان کے زیرِ اہتمام مزارِ اقبال پر یومِ اقبال کی مناسبت سے منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس اور فیملی فیسٹیول میں چغتائی پبلک لائبریری نے اپنی لائبریری آن ویلز اور خصوصی اسٹال کے ذریعے شرکت کی۔
اس موقع پر لائبریری آن ویلز میں علامہ محمد اقبال کی حیات، فکر اور شاعری پر مشتمل کتب کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ ان کتب کو فیسٹیول میں شریک افراد اور قارئین کے لیے مفت مطالعے کی غرض سے فراہم کیا گیا، تاکہ وہ فکرِ اقبال کے علمی و ادبی ذخیرے سے براہِ راست استفادہ کر سکیں۔
اس کے علاوہ چغتائی پبلک لائبریری کی ڈیجیٹل لائبریری بھی متعارف کروائی گئی، جس کے ذریعے علامہ اقبال کی کتب اور اقبالیاتی ذخیرے کو ڈیجیٹل صورت میں محفوظ کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دنیا بھر کے قارئین اور محققین تک پہنچانے کی کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جناب اورنگزیب خان کھچی اور ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی، ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان، نے چغتائی پبلک لائبریری کی اس کاوش کا مشاہدہ کیا اور علم و ادب کے فروغ، کتب بینی کے رجحان کی ترویج اور علامہ اقبال کے افکار کو جدید ذرائع کے ذریعے نئی نسل تک پہنچانے کے لیے لائبریری کی خدمت کو بہت سراہا۔






