مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کا ہاشو فاؤنڈیشن گوادر آفس کا دورہ، مقامی افراد کو روزگار میں ترجیح دینے پر زور
قائد حق دو تحریک بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے ہاشو فاؤنڈیشن کے گوادر آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فاؤنڈیشن کے مختلف پروگراموں، جاری منصوبوں اور سرگرمیوں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے تنظیم میں مقامی افراد کی بھرتی اور گوادر کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی زور دیا۔
اس موقع پر ہاشو فاؤنڈیشن کے پروجیکٹ مینیجر اکبر علی نے مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کو اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے تعاون سے جاری منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت گوادر میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، ماحولیات کے تحفظ، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور مقامی کمیونٹی میں موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔
پروجیکٹ مینیجر نے یقین دہانی کرائی کہ منصوبے کے تحت دستیاب ملازمتوں اور مختلف عہدوں پر گوادر کے مقامی افراد کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں طلبہ کے لیے موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی تحفظ اور اس کے منفی اثرات کے حوالے سے آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل میں ماحولیاتی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔
مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر اپنی تجاویز اور خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی و فلاحی منصوبوں میں مقامی آبادی کی شمولیت، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور گوادر کے لوگوں کو براہِ راست فوائد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔






