دکی ٹرک یونین کی کامیاب کوششیں، سردار میر عثمان اور اتفاق کول کمپنی کے درمیان لوڈنگ تنازعات کا خاتمہ
دکی: دکی ٹرک یونین کی مؤثر کوششوں اور مثبت کردار کے باعث میر عثمان کول کمپنی اور اتفاق کول کمپنی، بشمول پتھر ٹاپ، کے درمیان جاری لوڈنگ تنازعات خوش اسلوبی سے حل کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق دکی ٹرک یونین کے صدر حاجی رضا محمد ناصر اور جنرل سیکرٹری حاجی جلات ناصر کی خصوصی کاوشوں سے تین روز قبل دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں آج مورخہ 10 نومبر 2026ء کو فریقین کے درمیان باقاعدہ تحریری معاہدہ طے پا گیا۔
معاہدے کے تحت دونوں فریقین نے تمام اختلافات اور غلط فہمیاں دور کرتے ہوئے باہمی رضامندی سے لوڈنگ کے تمام معاملات حل کر لیے۔ اس طرح میر عثمان کول کمپنی اور اتفاق کول کمپنی، بشمول پتھر ٹاپ، کے درمیان تمام لوڈنگ تنازعات کا مکمل خاتمہ ہو گیا۔
دکی ٹرک یونین کی جانب سے تمام لوڈنگ ایجنٹس، ٹرک مالکان اور ڈرائیور حضرات کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ کل مورخہ 11 نومبر 2026ء سے اپنی معمول کی لوڈنگ سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دیں۔
دکی ٹرک یونین نے اس کامیاب پیش رفت پر تمام فریقین کے تعاون اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ بھی علاقے میں اتفاق، اتحاد، بھائی چارے اور باہمی تعاون کی فضا برقرار رہے گی۔
دکی ٹرک یونین نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ باہمی مذاکرات، اتحاد اور اتفاق کے ذریعے بڑے سے بڑے تنازعات بھی حل کیے جا سکتے ہیں۔






