1

کیپٹن (ر) خرم آغا کا تبادلہ ,احمد رضا سرور سیکرٹری وزارت داخلہ تعینات

(بابر شہزاد تُرک)وفاقی حکومت کی جانب سے بیوروکریسی میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، وفاقی سیکرٹری داخلہ سمیت کئی افسران کے تقرر و تبادلے کر دیئے گئے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق سیکرٹری وزارت داخلہ کیپٹن (ر) خرم آغا کا تبادلہ کر دیا گیا ہے اور انہیں فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ دوسرے نوٹیفکیشن کے مطابق احمد رضا سرور کو سیکرٹری وزارت داخلہ تعینات کیا گیا ہے، وہ اس سے قبل حکومت پنجاب میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق دونوں تقرر و تبادلوں کے احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہیں۔

 یاد رہے کہ گریڈ 22 کے دونوں افسران کیپٹن (ر) محمد خرم آغا اور احمد رضا سرور دونوں کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے ہے، دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کے ماتحت فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی میں ڈیپوٹیشن پر تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 19 کے جمیل احمد جمیل کو تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان دفتر کے ڈسپوزل پر موجود گریڈ 18 کے آڈٹ آفیسر محمد افضل کو تبدیل کر کے ان کی خدمات حکومت پنجاب کے سپرد کی گئی ہیں، جہاں انہیں اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال، سیالکوٹ میں سینئر بجٹ اینڈ اکاؤنٹس آفیسر (BS-18) تعینات کیا گیا ہے، ان کی ڈیپوٹیشن تین سال یا مستقل تعیناتی تک، جو بھی پہلے ہو، مؤثر رہے گی۔

دریں اثنا حکومت بلوچستان کے محکمہ صحت سے تعلق رکھنے والی گریڈ 17 کی ڈینٹل سرجن ڈاکٹر مدیحہ غوری کی فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک اسلام آباد میں بطور میڈیکل آفیسر (BS-17) ڈیپوٹیشن میں مزید 2 سال کی توسیع کی گئی ہے، جس کا اطلاق 25 جولائی 2025 سے ہو گا، علاوہ ازیں، وفاقی حکومت نے دفاع ڈویژن کے گریڈ 18 کے سیکشن آفیسر محمد عمر دراز کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی تعینات کرتے ہوئے یکم اگست 2026 سے ایک سال کی اسٹڈی لیو منظور کر دی ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے احکامات کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:قومی بچت سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کیلئے اہم خبر

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں