
(ویب ڈیسک)بھارتی ٹی وی اداکارہ شیوانگی جوشی نے ’لاک اپ 2‘ میں بچپن کے ایک انتہائی تکلیف دہ تجربے کے بارے میں پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔
شیوانگی جوشی نے لاک اپ شو کی حالیہ قسط میں اپنی بچپن کی تلخ یادیں شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ بچپن میں ان کے خاندان کے ایک قابلِ اعتماد شخص نے ان کے اعتماد کا فائدہ اٹھایا، جس کے اثرات ان کی زندگی پر طویل عرصے تک رہے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص ان کی والدہ کا قریبی اور قابلِ اعتماد جاننے والا تھا، جسے وہ ’ماماجی‘ کہہ کر پکارتی تھیں۔ وہ بچپن سے ہی اداکاری کی خواہش رکھتی تھیں اور ممبئی جا کر اپنے کیریئر کا آغاز کرنا چاہتی تھیں، جس صورتحال کا اس شخص نے فائدہ اٹھایا۔
اداکارہ نے بتایا کہ ’’ابتدا میں مجھے اس کے رویے کی نوعیت سمجھ نہیں آئی، وہ شخص مجھے اداکاری کے لیے گاڑی چلانا سیکھنے کا کہتا تھا اور اسی بہانے میرے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتا تھا۔‘‘
شیوانگی کے مطابق بعد میں اس شخص نے ان سے فلموں میں مختلف نوعیت کے مناظر کے بارے میں بات کی اور ایسا رویہ اختیار کیا جس سے وہ خود کو غیر محفوظ اور بے آرام محسوس کرنے لگیں۔ جب انہوں نے اسے روکنے کی کوشش کی تو صورتحال مزید خراب ہو گئی۔ خوش قسمتی سے اسی دوران ان کے والدین گھر واپس آگئے
اداکارہ نے بتایا کہ ’’میری آواز سن کر والد اندر آئے اور واقعے کا علم ہونے کے بعد انہوں نے اس شخص کو گھر سے نکال دیا۔ اس واقعے کے بعد والدین مجھے اکیلا چھوڑنے سے خوفزدہ رہتے تھے، جبکہ میں خود بھی ایک عرصے تک گھر سے باہر نکلنے اور اسکول جانے سے ڈرتی رہی۔‘‘
اداکارہ نے بتایا کہ ’’میں نے اس تکلیف دہ تجربے کے بارے میں اس سے پہلے کبھی اتنی کھل کر بات نہیں کی تھی۔ میں رام کپور، ہرشاد چوپڑا اور ’لاک اَپ 2‘ کے ساتھی شرکا کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے اپنی کہانی بیان کرنے کی ہمت دی۔‘‘
والدہ کا دنیا کو مشورہ
شیوانگی جوشی کی والدہ نے بھی بیٹی کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں سے ’گڈ اور بیڈ ٹچ‘ کے بارے میں کھل کر بات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین کو بچوں کے لیے ایسا محفوظ ماحول بنانا چاہیے جہاں وہ کسی بھی خوف یا تکلیف دہ تجربے کے بارے میں بلا جھجھک بات کر سکیں۔
انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ بچوں کی بات توجہ سے سنیں اور ان پر یقین کریں، چاہے بچے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو مکمل طور پر بیان کرنے میں مشکل محسوس کر رہے ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری






