1

جمانجی کے مداحوں کی نئی آزمائش، جمانجی: اوپن ورلڈ کے ٹریلر کی تہلکہ خیز ویڈیو وائرل ہوگئی

(24نیوز)  کروڑوں دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لینے والی  فلم’جمانجی‘ کے مسحور  مداحوں کے لیے  نئی آزمائش آ رہی ہے، یہ جمانجی کا نیا سیکویل ہے جس کا ٹریلر ریلیز ہو گیا ہے۔

جمانجی کے نئے سیکویل کا نام ’’اوپن ورلڈ‘‘ ہے۔ یہ فلم 2017 میں ریلیز ہونے والی ’’جمانجی: ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ اور 2019 کی ’’جمانجی: دی نیکسٹ لیول‘‘ کا تسلسل ہے۔

ہالی ووڈ کی کلاسیک کا رجہ حاصل کر لینے والی سسپینس، تھرلر مووی جمانجی نے کئی دہائیوں سے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں گرفتار کر رکھا ہے۔ کروڑوں لوگوں کی اس مسحور کمیونٹی کی جمانجی کے لئے عقیدت کی حد تک پہنچی پسندیدگی کو لے کر جمانجی کے کئی سیکویل بنائے گئے۔ اوریجنل جمانجی جیسی فلم دوبارہ کبھی نہیں بن پائی لیکن جمانجی کا ہر سیکوئیل باکس آفس پر شاندار بزنس بھی کرتا رہا اور اس کے چاہنے والوں کا حلقہ بھی وسیع ہوتا رہا۔  

اب ایور گرین سسپینس تھرلر،  ایڈونچر  مووی ’’جمانجی‘‘ کے سلسلہ کی نئی مووی  ایک بار پھر   جمانجی کےمسحور  فینز کی کمیونٹی کو  ہوش سے بیگانہ کر دینے والے سفر پر لے جانے کے لئے سنیما کی سکرین اور آن لائن پلیٹ فارمز پر آ رہی ہے۔  سونی پکچرز نے جمانجی سیریز کی نئی فلم ’’جمانجی: اوپن ورلڈ‘‘ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا ہے، جس میں پرانی اور پسندیدہ کاسٹ ایک بار پھر اپنے  لیجنڈ بن چکے  کرداروں کے ساتھ  نظر آ ئے گی۔

چار جادوگر اداکاروں کی واپسی

جمانجی: اوپن ورلڈ کے ٹریلر میں ڈوین جانسن (دی راک)، کیون ہارٹ، جیک بلیک اور کیرین گلن کی واپسی ہوئی ہے۔  یہ  چاروں  جادوگر اداکار ایک مرتبہ پھر  ویورز کو اسرار اور خطرات کے ختم نہ ہونے والے سلسلہ جمانجی کی دنیا میں  کھینچنے کے لئے  اپنے ہنر آزمائیں گے۔ ، جہاں انہیں نئے چیلنجز، طاقتور دشمنوں اور حیران کن مہمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جمانجی: اوپن ورلڈ  دراصل 2017 میں ریلیز ہونے والی ’’جمانجی: ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ اور 2019 کی ’’جمانجی: دی نیکسٹ لیول‘‘ کا سیکویل ہے۔ ان دونوں فلموں نے باکس آفس پر  عظیم رسپانس سمیٹا تھا۔  اور  1.7 ارب ڈالر کا بزنس کیاتھا۔ تب سے ہی جمانجی  فرنچائز کو ہالی ووڈ کی باکس آفس پر سب سے شاندار رسپانس لانے والی تھرلر سیریز میں شمار کیا جانے لگا ہے۔

جمانجی کی کہانی دراصل 1995 کی کلاسک فلم سے جڑی ہوئی ہے، جس میں اداکار رابن ولیمز اور کم عمر اداکارہ کرسٹن ڈنسٹ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ بعد میں اس  مافوق الفطرت واقعات سے بھری گیم (جمانجی) کے کھیل کے اندر گھس جانے کے منفرد تصور کو  لے کر  جمانجی بورڈ گیم سے اٹھا کر ویڈیو گیم کے ساتھ جوڑ دیا گیا اور جمانجی کے کھلاڑیوں کو جمانجی بورڈ گیم کی دنیا کے اندر پھنسنے سے  اٹھا کر  ایک ویڈیو گیم کی دنیا میں پھنسنے   کی نسبتاً زیادہ قابل فہم اور جدید ماحول سے جڑی شکل دی گئی۔ اس سیکویل میں حقیقی دنیا کے نوجوان گیم کے اندر مختلف کرداروں میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔

 جمانجی:  اوپن ورلڈ کا پلاٹ

’’جمانجی: اوپن ورلڈ‘‘ میں بھی یہی منفرد تصور مزید بڑے پیمانے پر پیش کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز سامنے آئے  ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار گیم کی دنیا پہلے سے کہیں زیادہ وسیع، خطرناک اور غیر متوقع ہوگی، جہاں کرداروں کو اپنی بقا کے لیے نئی، ویورز کے  اعصاب توڑ دینے والی آزمائشوں سے گزرنا پڑے گا۔ پہلی جمانجی کی طرح اس جمانجی کو دیکھنے والوں کی بھی چیخیں ضرور نکلین گی اور کمزور دل والوں کو یہ فلم کئی سِٹنگز میں دیکھنا پڑے گی، کیونکہ ایک سٹنگ میں حیرت اور خوف کے  بہت سے  جھٹکے سہنا ہر کسی کے بس کا روگ نہیں ہوتا۔ 

 جمانجی: اوپن ورلڈ  فلم کی ریلیز پہلے 11 دسمبر 2026  ہوناتھی، اب سٹوڈیو نے فلم  کی نمائش دو ہفتوں کے لئے  مؤخر کرتے ہوئے اسے کرسمس 2026 کے موقع پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹریلر سامنے آنے کے بعد جمانجی : اوپن ورلڈ کو  2026 کی سب سے بڑی مووی مانا جا رہا ہے حالانکہ ٹریلر تو محض ٹریلر ہی ہے! 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں