
(عیسیٰ ترین) آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں صوبے کے تمام رینجز اور پولیس افسران سے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام اور دیگر سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور جلوس کے منتظمین کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر اقدامات کیے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں یگانگت، بھائی چارے اور صبر کا درس دیتا ہےاور اس دوران صوبے بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے ہدایت کی کہ سیکیورٹی پلان کے تحت شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ جلوسوں کے روٹس پر آنے والی دکانوں، مارکیٹوں اور پلازوں کی سوئپنگ اور سرچنگ کے بعد بندش یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام پراپرٹی ڈیلرز سے کرایہ داروں کا مکمل ڈیٹا حاصل کیا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
آئی جی بلوچستان نے مزید کہا کہ غیر قانونی نمبر پلیٹس، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں اور مشکوک رکشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جبکہ مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی خصوصی چیکنگ بھی کی جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مجالس، جلوسوں اور حساس مقامات پر ڈسٹرکٹ پولیس کے ساتھ ایف سی اور دیگر سیکیورٹی فورسز تعینات ہوں گی،مجموعی طور پر 77 مجالس، 77 امام بارگاہوں، 41 ناکوں اور 21 مورچوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کنٹرول روم محکمہ داخلہ، آئی جی آفس اور ڈی آئی جی آفس میں قائم کیے جائیں گے جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس، بلوچستان کانسٹیبلری، ایگل اسکواڈ، کیو آر ایف اورسپیشل برانچ کے ساتھ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
افغان مہاجرین اور غیر ملکی افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے گی جبکہ شہر کے تمام ہوٹلوں، سراؤں، ریسٹورنٹس اور کرایہ داری کے مکانوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں اور پولیس اہلکاروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، جبکہ محرم الحرام کے دوران ٹریفک پولیس کے خصوصی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی جی ایچ کیو آمد،فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات






