1

ملک کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے؛وزیراعظم

(اویس کیانی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے،پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ معیشت میں سرمایہ کاری، کاروباری وسعت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک مؤثر محرک کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم  شہباز شریف کی زیر صدارت نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی سے متعلق اجلاس ہوا،اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

وزیراعظم نے ملک میں سرمایہ کاری  اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ (Private Equity Fund) کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پبلک ایکویٹی مارکیٹ  اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرکے جلد پیش کیا جائے  تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے لئے فنڈز دستیاب ہوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے راہ ہموار ہو۔ 

ان کا کہنا تھاکہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ معیشت میں سرمایہ کاری، کاروباری وسعت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک مؤثر محرک کا کردار ادا کر سکتے ہیں،معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور دیگر شعبے پاکستان کی معیشت کی ترقی کے بنیادی محرک بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے پبلک ایکویٹی مارکیٹ ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔ 

وزیراعظم کا  کہنا تھا کہ بینکاری شعبے کی جانب سے  سرمایہ کاری کا حجم ابھی بھی محدود ہے، جس کے باعث متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ایسے اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے جو نجی شعبے کی قیادت میں سرمایہ کاری، صنعت اور برآمدات کے فروغ کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کریں۔ 

یہ بھی پڑھیں :  کھاریاں:چھت گرنے سے دو خواتین سمیت5افراد زخمی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں