
(بابر شہزاد تُر)وفاقی حکومت کی جانب سے افسران کے تقرر و تبادلے اور معطلی کے احکامات جاری کردیئے گئے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین ایف بی آر راشد محمود کو تفویض سیکرٹری ریونیو ڈویژن کے اضافی چارج میں توسیع کردی گئی،اضافی چارج میں کی گئی 3 ماہ کی توسیع 8 اگست 2026 سے شمار ہو گی۔
پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 22 کے ظفر علی شاہ اور مومن آغا کو او ایس ڈی بنا دیا گیا، دونوں افسران اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرری کے منتظر تھے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق سیکریٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام عامر علی احمد کو تفویض سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے چارج میں توسیع کردی گئی، 3 ماہ کیلئے کی گئی توسیع رواں ماہ 19 اگست 2026 سے شمار ہو گی ،تقرری کے منتظر محمد عرفان خان کو ڈپٹی سیکریٹری صنعت و پیداوار ڈویژن تعینات کردیا گیا۔
ادھر بلوچستان حکومت میں تعینات پولیس سروس گریڈ 18 کے عبدالجبارکو معطل کردیا گیا،عبدالجبار سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے تحت ابتدائی طور پر 120 روز کیلئے معطل ہوئے،عبدالجبار کو بلوچستان حکومت سے تبدیل کر کے فوری و تاحکم ثانی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام احکامات کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔






