
(24نیوز)بیع الاول کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کیا جائے گا۔
پاکستان بھر میں ربیع الاول کے چاند کی رویت کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا،اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے ، جس میں مرکزی کمیٹی کے ارکان کے علاوہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور سپارکو کے حکام بھی چاند کی رویت سے متعلق فلکیاتی حسابات اور تکنیکی معلومات کمیٹی کے سامنے پیش کریں گے۔
ملک کے مختلف شہروں میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیاں بھی اجلاس منعقد کرکے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں جمع کریں گی اور مرکزی کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی۔
سپارکو نے پیشگوئی کی ہے کہ فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر 13 اگست کو ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا امکان کم ہے جبکہ نیا چاند 14 اگست کو نظر آنے کی توقع ہے اگر 14 اگست کو چاند نظر آنے کی تصدیق ہوگئی تو یکم ربیع الاول 1448 ہجری ہفتہ 15 اگست کو ہوگی اور 12 ربیع الاول بدھ 26 اگست کو متوقع ہے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔
یاد رہے ربیع الاول کا مہینہ مسلمانوں کیلئے خصوصی مذہبی اہمیت رکھتا ہے، 12 ربیع الاول کو ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جاتی ہے۔
اس موقع پر مساجد اور دیگر مقامات پر محافلِ میلاد، قرآن خوانی، نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل منعقد کی جاتی ہیں، جبکہ گھروں، مساجد اور سڑکوں کو بھی سجایا جاتا ہے۔
علمائے کرام اس موقع پر مسلمانوں کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات، اخلاق اور سیرت پر عمل کرنے کی تلقین کرتے ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہیں کہ میلاد النبی ﷺ کا اصل پیغام نبی کریم ﷺ کی سنت اور اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی میں اپنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں موسم کی صوتحال!پیشگی الرٹ جاری کر دیا گیا






