4

لاہور جنرل ہسپتال میں یومِ آزادی کی تقریب فضا قومی نعروں سے گونج اٹھی

(ویب ڈیسک)لاہورجنرل ہسپتال میں 79 واں یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے، ملی ولولے اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔
پروقار پرچم کشائی کی تقریب میں پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، فیکلٹی ممبران اور ہیلتھ پروفیشنلز کے ہمراہ سبز ہلالی قومی پرچم بلند کیا،تقریب میں بورڈ آف مینجمنٹ کے ممبر ڈاکٹر زاہد پرویز اور پروفیسر عیص محمد، فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز، نرسز، میڈیکل اور نرسنگ طلبہ و طالبات اور ہیلتھ پروفیشنلز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پرچم بلند ہوتے ہی ماحول قومی نعروں سے گونج اٹھا۔ شرکاء نے’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور’’پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ‘‘کے نعرے لگائے ، اس موقع پر حاضرین نے سرحدوں پر جانثار پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جو وطن کی حرمت اور آزادی کی حفاظت کے لیے دن رات جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں ان کے جذبہ ایثار و قربانی کو سلام پیش کیا گیا۔امیرالدین میڈیکل کالج، نرسنگ کالج اور سکول آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے طلبہ و طالبات نے سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے ملی نغمے پیش کیے جنہیں حاضرین نے کھڑے ہو کر زبردست داد سے نوازا۔

پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام لاکھوں قربانیوں کا نتیجہ ہے، ہمارے اسلاف نے جان، مال اور عزت کی قربانیاں دے کر ہمیں آزاد وطن عطا کیا ،اب نوجوان نسل کا فرض ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم کو مشعل راہ بنائے اور دیانتداری و محنت سے ملک کا نام روشن کرے، انہوں نے طبی شعبے کے افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو قومی خدمت کا حصہ سمجھتے ہوئے ادا کریں، آزادی ایک عظیم نعمت ہے،ڈاکٹرز و ہیلتھ پروفیشنلز دیانتداری، جذبے اور محنت کے ساتھ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کو اپنا شعار بنائیں ، صحت کے شعبے میں بہتری ہی حقیقی حب الوطنی ہے۔
ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ طب سے وابستہ افراد دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑیں کیونکہ یہی خدمت دراصل حب الوطنی کا عملی ثبوت ہے، ہر مریض کی بہتر دیکھ بھال ہمارا قومی فریضہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کل تک بارشیں؛محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
تقریب کے اختتام پر پی جی ایم آئی،اے ایم سی اور ایل جی ایچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 120 ملازمین میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں، اس کے بعد جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور پاک فوج کی کامیابیوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی،تقریب کے شرکاء نے عزم کیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں