
(روزینہ علی)قومی اسمبلی سینیٹ اجلاس کل طلب کر لیے گئے ہیں، جہاں اہم قانون سازی کے علاوہ نئے صوبوں کے قیام پر تفصیلی بحث اور مکہ امن معاہدے پر متفقہ قرارداد پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
طویل وقفے کے بعد پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے اجلاس اہم ایجنڈے کے ساتھ منعقد ہوں گے۔ سینیٹ کا 69 نکاتی جبکہ قومی اسمبلی کا 42 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، سینیٹ میں 10 قوانین منظوری کے لیے پیش ہوں گے۔
سینیٹ سیکریٹریٹ کے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق ایوان بالا میں 10 قوانین منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ ان میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل، اینٹی ریپ تحقیقات و مقدمہ ترمیمی بل 2026 اور درآمدات و برآمدات کنٹرول ترمیمی بل 2026 شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی ترمیمی بل، سول سرونٹس ترمیمی بل اور سروس ٹربیونلز ترمیمی بل بھی منظوری کے لیے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
سینیٹ میں امیگریشن ایکٹ ترمیمی بل 2026، پاکستان پاسپورٹ ترمیمی بل اور ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) ترمیمی بل سمیت دیگر قانون سازی بھی زیر غور آئے گی۔
قومی اسمبلی کے 42 نکاتی ایجنڈے کے مطابق ایوان میں 7 قوانین منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے، جبکہ 4 نئے قوانین متعارف کرائے جائیں گے۔
قومی اسمبلی میں اوگرا ترمیمی بل 2026، وفاقی حکومت رئیل اسٹیٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے قیام سے متعلق قانون سازی، ٹریول ایجنسیز ترمیمی بل، پاکستان ٹورسٹ گائیڈز ترمیمی بل اور پاکستان ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس بل سمیت دیگر معاملات زیر بحث آئیں گے۔
نئے قوانین میں ای او بی آئی ترمیمی بل 2026، گیس انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ترمیمی بل، قدرتی گیس ڈویلپمنٹ سرچارجز ترمیمی بل اور محکمہ موسمیات ترمیمی بل 2026 شامل ہیں۔
قومی اسمبلی سینیٹ اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث اور مکہ امن معاہدے پر متفقہ قرارداد بھی خصوصی توجہ کا مرکز بننے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں :مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کا مسئلہ حل کیا جائے؛طاہر محمود اشرفی






