4

’’باجی بہت پیار کرتی ہیں‘‘: میرا کی ملازمہ کا دوسرے بیان میں یو ٹرن

(ویب ڈیسک)لاہور میں اداکارہ میرا کی ملازمہ پر مبینہ تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد معاملے میں نیا موڑ آگیا۔ ملازمہ یاسمین کے دو متضاد ویڈیو بیانات سامنے آئے ہیں، ایک میں انہوں نے تشدد کا الزام عائد کیا جبکہ دوسرے میں اس کی تردید کردی۔

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں اداکارہ میرا کی ملازمہ پر مبینہ تشدد کے معاملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، جس میں اداکارہ اور ملازمہ کے درمیان تلخ کلامی کے بعد مبینہ طور پر ہاتھا پائی ہوتی دکھائی دیتی ہے۔

سامنے آنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ میرا پہلے ملازمہ سے الجھتی ہیں، جس کے بعد گھر کے گیٹ سے باہر آکر دروازے میں موجود ملازمہ کے ساتھ مبینہ طور پر ہاتھا پائی کرتی ہیں۔

واقعے کے بعد ملازمہ یاسمین کا ایک ویڈیو بیان بھی سامنے آیا، جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ اداکارہ میرا نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کا سر دیوار سے مارا۔

تاہم مبینہ تشدد کی خبر سامنے آنے کے کچھ دیر بعد یاسمین کا ایک اور ویڈیو بیان سامنے آگیا، جو تھانے میں ریکارڈ کیا گیا۔ اس بیان میں ملازمہ نے اداکارہ میرا کی جانب سے کسی بھی قسم کے تشدد کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ میرا، جنہیں وہ باجی کہتی ہیں، ان سے بہت پیار کرتی ہیں اور ان کے ساتھ اچھا سلوک کرتی ہیں۔ 

ملازمہ نے مزید کہا کہ وہ اب بھی اداکارہ میرا کے گھر کام کر رہی ہیں اور ان کے ساتھ ہی موجود ہیں۔ یاسمین نے دوسرے بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ تشدد سے متعلق سامنے آنے والی ویڈیو مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔

اداکارہ میرا کی ملازمہ کے دونوں بیانات میں واضح تضاد سامنے آیا ہے، جس کے باعث معاملے کی نوعیت مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔

ملازمہ کا بیان اس سے قبل سامنے آنے والے اس مؤقف سے مختلف ہے، جس میں انہوں نے اداکارہ میرا پر مبینہ طور پر روزمرہ امور کے دوران تشدد کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

پہلے بیان میں ملازمہ نے اربابِ اختیار اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے معاملے کا نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

ملازمہ کے پہلے بیان کے بعد اداکارہ میرا سے منسوب مبینہ تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔ ویڈیو میں اداکارہ کو مبینہ طور پر ملازمہ کو دھکے دیتے اور تھپڑ مارتے دیکھا جاسکتا تھا۔ 

اس واقعے سے متعلق مزید ویڈیوز بھی بعد میں سوشل میڈیا پر سامنے آئیں، جس کے بعد صارفین اور مختلف حلقوں کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔

تاہم اب ملازمہ کے دوسرے بیان کے بعد معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ ملازمہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس پر تشدد کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور وہ اب بھی اداکارہ میرا کے گھر کام کر رہی ہیں۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال ملازمہ کی جانب سے اداکارہ میرا کے خلاف کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ پولیس کے مطابق درخواست موصول ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

فی الحال معاملے میں ملازمہ کے متضاد بیانات، سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج اور پولیس کو دی جانے والی درخواست کی صورتِ حال اہمیت اختیار کر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور میں بسنت 2027 کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں