35

گوادر ، ماہی گیر دوست اقدامات تیز، کشتیوں کی رجسٹریشن، انسپکشن اور لائسنسنگ کا عمل جاری

صوبائی حکومت کی ماہی گیر دوست پالیسی کے تحت ضلع گوادر کے علاقے پشکان میں ماہی گیروں کو سہولیات کی فراہمی اور ماہی گیری کے شعبے کو مزید منظم بنانے کے لیے کشتیوں کی رجسٹریشن، انسپکشن اور پیمائش کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
محکمہ فشریز کے مطابق پشکان اور گردونواح میں ماہی گیری کی کشتیوں کی رجسٹریشن اور ماہی گیروں کو لائسنس جاری کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ ڈی جی فشریز عتیق اللہ خان کی ہدایات پر کشتیوں کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز نورالدین حسنی کی نگرانی میں فیلڈ ٹیمیں علاقے میں کشتیوں کا معائنہ کر رہی ہیں۔ اس دوران کشتیوں کی ساخت، سائز، انجن اور دیگر ضروری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
محکمہ فشریز کے حکام کے مطابق انسپکشن اور ضروری تصدیق کے عمل کی تکمیل کے بعد اہل کشتیوں کو رجسٹریشن نمبر جاری کیے جائیں گے، جبکہ مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت اہل ماہی گیروں کو ماہی گیری کے لائسنس بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
محکمہ فشریز نے پشکان اور گردونواح کے ماہی گیروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی کشتیوں کی رجسٹریشن اور انسپکشن کا عمل مکمل کرائیں تاکہ انہیں قانونی اور انتظامی سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ ماہی گیروں کو سہولت، شفافیت اور آسانی فراہم کرنا محکمہ فشریز کی اولین ترجیح ہے۔ قانونی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے عمل سے ماہی گیری کے شعبے کو مزید منظم بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ ماہی گیر دوست اقدامات کے ذریعے مقامی ماہی گیروں کے مفادات کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں