خضدار میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، ڈاکٹر حضور بخش زہری کی چیف انجینئر کیسکو سے ملاقات
کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے صدر ڈاکٹر حضور بخش زہری نے چیف انجینئر آپریشن کیسکو عادل عزیز سے چیف کیسکو آفس کوئٹہ میں ملاقات کی، جس میں خضدار شہر میں بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ، بالخصوص سٹی، ریڈ زون، کزگی اور کالونی زون کے بجلی کے ٹائم ٹیبل سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر حضور بخش زہری نے چیف انجینئر کو خضدار کے عوام اور تاجروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ فیڈر پر طویل لوڈشیڈنگ کے باعث بازاروں کی رونقیں ماند پڑ چکی ہیں اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ مذکورہ علاقہ نہ صرف اہم کمرشل ایریا ہے بلکہ ریڈ زون کی حیثیت بھی رکھتا ہے، جہاں بجلی کی مسلسل بندش سے عام شہریوں، تاجروں اور طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث لائبریری میں زیرِ تعلیم طلباء بھی اپنی پڑھائی جاری نہیں رکھ پا رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ فیڈر کا بجلی کا ٹائم ٹیبل صبح 6 بجے سے رات 2 بجے تک مقرر کیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں بحال رہیں اور طلباء کو بھی تعلیمی سرگرمیوں میں آسانی میسر آسکے، جبکہ دیگر فیڈرز پر بھی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی کی جائے۔ڈاکٹر حضور بخش زہری کے تحفظات اور مطالبات سننے کے بعد چیف انجینئر آپریشن کیسکو عادل عزیز نے متعلقہ حکام سے فوری طور پر ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بجلی کے ٹائم ٹیبل کی منیجمنٹ کو درست کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔
عوامی حلقوں کی جانب سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ متعلقہ حکام اس معاملے پر عملی اقدامات اٹھا کر خضدار کے شہریوں، تاجروں اور طلباء کو بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔






